تاجردوست پینل علی سوجل کا مداخلت سے پاک الیکشن کروانے کا مطالبہ

راولاکوٹ :انجمن تاجران علی سوجل کے انتخابات میں تاجر دوست پینل نے آزاد کشمیر بھر سے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی تمام مبینہ سازشوں کو مسترد کرتے ہوئے ہیجانی کیفیت کے فوری طور پر خاتمہ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

8 فروری 2025 کو منعقد ہونے والے انجمن تاجران علی سوجل کے الیکشن میں مختلف سیاسی ودیگر جماعتوں کی جانب سے اس عمل اور نتائج پر اثر انداز ہونے کے عمل کے خلاف تاجر دوست پینل کے امیدوار برائے صدرسردار مشتاق خان اور ان کے ہمراہ امیدوار برائے جنرل سیکرٹری منصف حنیف نے گزشتہ روز یہاں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ان الیکشن میں 3 پینلز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے لیکن الیکشن سے قبل ہی آزاد کشمیر بھر سے مختلف سیاسی و دیگر جماعتوں کی جانب سے ان کے نتائج پر اثر انداز ہونے کیلئے سازشیں شروع کر دی گئی ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مداخلت کے اس عمل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ 2 سو کے قریب دکانات اور ووٹرز پر اثر انداز ہونے کیلئے اتنے بڑے پیمانے پر یہ مداخلت سمجھ سے بالاتر ہے، دو دن بعد منعقد ہونے والے ان انتخابات میں کوئی بازار میں ہیٹر اٹھا کر گھوم رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ہم نے بجلی سستی کروائی اور کوئی آٹے کے تھیلے سر پر اٹھا کر پھر رہا ہے کہ ہم نے آٹا سستا کروایا اور اسی کے ساتھ ساتھ بہت بڑے پیمانے پر مداخلت کا عمل بھی جاری ہے جو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری پراسیس سے گزر نے کے بعد الیکشن کوئی بھی جیتے ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن دھاندلی اور سازشوں کی واضح کوششوں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات کے دوران کسی بھی بڑے تصادم کا خدشہ موجود ہے جس کے پیش نظر فوری طور پر نوٹس لیا جائے ورنہ کوئی بھی سانحہ یا حادثہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ داری بھی انتظامیہ پر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تاجران کو زدوکوب کرنے کی کوششیں جاری ہیں جو انتہائی قابل افسوس و مذمت بھی ہیں۔ آزاد کشمیر بھر سے اس مداخلت اور ان سازشوں کا فوری طور پر خاتمہ کرتے ہوئے پرامن اور کسی بھی مداخلت سے پاک او رشفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ ایک جمہوری انداز میں یہ سلسلہ مکمل ہو سکے ۔

حویلی آزادکشمیر میں موسم صاف، خشک اور سرد رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات

Scroll to Top