جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ڈڈیال نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، انتظامی غفلت ، سہولیات کی عدم دستیابی پر حکومت کو ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پرعوام کو سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو پورا شہر بند کر دینگے۔
مرکزی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر خواجہ مہران ایڈووکیٹ نے ساتھیوں کے ہمراہ ہسپتال اچانک دورہ کیا اورایم ایس ڈاکٹر ندیم فضلداد اور ڈاکٹر محمد ناصر سے ملاقات کی ۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خواجہ مہران ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈڈیال میں سہولیات کا فقدان ہے اور مسائل کے انبار ہیں، منی لندن کہلانے والے میرپور کی تحصیل صرف سیاسی ہوائی بیانات پر چل رہی ہے۔
ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈڈیال میں پہنچ کر بڑی مشکل سے ایک گھنٹے بعد پر فارمنس رپورٹ ، ملازمین کی فہرست حاصل کی، ہسپتال 24 گھنٹے چلنے کے بجائے چند گھنٹے چل رہا ہے، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پائے گئے
یہ بھی پڑھیں:حویلی،خورشید آباد میں ہسپتال موجود،ڈاکٹرز ہیں نہ سٹاف، مریض خوار
بیڈز پر خون ، ٹائلٹس بدبو دار ، ٹینکیوں میں پانی نہیں اور ٹائلٹس کے دروازے بغیر لاک کے ہیں، 100 بیڈ پر مشتمل ہسپتال میں صرف 30 بیڈز اور اندر مریض صرف ایک مردانہ وارڈ میں داخل تھا، ادویات ناپید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند ڈاکٹر ز کم سٹاف سے کام چلانے پر مجبور اور بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں، دو سری جانب حکومت کے بلندو بانگ دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ، آدھاسٹاف بھی دستیاب نہیں،نئی اسامیاں نوٹیفکیشن کی حد تک محدود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈگار فائرنگ کیس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن کو فرسٹ ایڈ کے بعد میرپور ریفر کر دیا گیا ایسا کب تک چلتا رہے گا۔ہسپتال کو 24 گھنٹے فنکشنل کیا جانا چاہیے
ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ اگر ہسپتال میں ڈھنگ ٹپائو پالیسی ختم، ادوایات کا کوٹہ فراہم کیا جائے،سٹاف کی کمی پوری کرنے کے علاوہ نومولود بچوں کی نرسری کا فوری بندوبست نہ کیا گیا تو رمضان المبارک کے بعد نہ رکنے والا احتجاج کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔




